کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت ہو یا اپوزیشن ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے اور کسی کو ناراض نہیں ہونے دیں گے، کوئٹہ پیکج سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کردیا گیا ہے مولانا فضل الرحمن کو سیکورٹی خدشات سے آگاہ کیا گیا ہے اگر وہ چمن کا دورہ کرنا چاہیں تو سیکورٹی فراہم کریں گے، دہشتگردی سے صرف بلوچ قوم کا نقصان ہورہا ہے
بلوچستان اسمبلی کے ہر رکن سمیت صوبے کے عوام پاکستان کے ساتھ اور دہشتگردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، کوئٹہ میں ریڈ زون ختم کردیا ہے تمام سڑکیں عوام کے لئے کھلی ہیں، یہ بات انہوں نے اتوار کو کالون روڈ پر جاری سڑک کی تعمیر کے کام کا معائنہ کرنے اور ریڈ زون کو عوام کے لئے کھولنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور آغا، صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو سردار عبدالرحمن کھیتران بھی انکے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کوئٹہ پیکج سمیت شہر کے ترقیاتی منصوبے بند تھے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے تمام ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری کے ساتھ آگے لیکر جارہی ہے
کالون روڈ سے منسلک سڑک کا ارتھ ورک مکمل کیاجارہا ہے جبکہ بلیک ٹاپ سلیگ سیز ن کے بعد مکمل ہوگا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کا مسئلہ ٹریفک کی روانی ہے نئی سڑکوںکی تعمیر سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگیاکوئٹہ میں ٹریفک مسئلہ حل کرنے کے لئے انجینئرنگ بیورو کو ذمہ داریاں دے دی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی رٹ برقرار رکھتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف کام کر رہی ہے مجھے سمجھ نہیں آتی کہ جو لوگ دہشتگردی کر رہے ہیں کیاپیغام دینا چاہتے ہیں حکومت بلوچستان کے عوام کو دہشتگروں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیگی دہشتگردی پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے عوام سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہیں ہم ملکر دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے صرف بلوچ قوم کا نقصان ہورہا ہے بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیںہم دہشتگردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے دہشتگرد عناصر کی سختی سے مذمت کرتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سریاب روڈ کے کام کا آغاز میں نے 2018میں شروع کیا تھا
لیکن یہ کام سست روی کا شکار رہا اب ترقیاتی کام فاسٹ ٹریک پر چلا رہے ہیں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولیات دے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی رہنمائوں کو سیکورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے محکمہ داخلہ نے مولانا فضل الرحمن کو سیکورٹی خدشات سے آگاہ کر دیا ہے کہ اگر وہ چمن جائیں گے تو حکومت انہیں سیکورٹی فراہم کریگی ،انہوں نے کہا کہ نیب سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے گزشتہ حکومت نے فیصلے نہیں کئے موجودہ حکومت نے ترقیاتی کاموں پر فیصلہ لیکر انہیں تیز کیا ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ہم سے کوئی شکایت نہیں ہے
حکومت ہو یا اپوزیشن ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے جس کا جو حق ہے وہ دیں گے کسی کو ناراض نہیں ہونے دیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو سیکورٹی دینا حکومت کا کام ہے کسی وی آئی پی کے لئے سڑک بند نہیں ہوگی شہر میں کوئی ریڈ زون نہیں ہوگاریڈ زون کو ٹریفک اور عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ 17سالوں سے ریڈ زون ٹریفک اور عوام کے لئے بند تھا جب ہم اپنے آپکو سیکورٹی نہیں دے سکتے تو عوام کو کیا سیکورٹی دیں گے سیکورٹی کے نام پر روڈوں کو بند کر نا منا سب نہیں ہے ریڈ زون سے سیکو رٹی اور بیئرز ہٹاکے روڈ عام ٹریفک کے لئے کھو ل دیں گے انہوں نے کہاکہ جب سے ہما ری حکومت آئی ہے کسی دھرنے پر لاٹھی چارج نہیں ہوئی اور نہ ہی ہو گی گزشتہ روز احتجاج کر نے والوں کی گرفتاری عدلیہ کے کہنے پر کی گئی تھی