وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی بین المذاہب ہم آہنگی طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ وہ پادریوں پر حملے کی تعزیت کے لیے پشاور آئے ہیں، دو ہفتوں میں ایک مسلمان عالم اور ایک مسیحی کا قتل ہوا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ پشاور پھولوں کا شہر ہے، یہاں مساجد، چرچ اور امام بارگاہیں لہولہان ہوئیں، 80 ہزار سے زیادہ جانوں کی قربانی دے کر وطن کو محفوظ بنایا گیا ہے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ خطےکا دشمن یہاں امن نہیں چاہتا، واقعےکی تحقیقات جاری، جلد ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا، ایسے واقعات سے ملک اور قوم کا اتحاد نہیں توڑا جا سکتا۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ افغانستان کے حالات کے بعد دشمن نہیں چاہتا کہ ملک میں امن آئے، ہمارا دشمن ہمیں معلوم ہےکہ کون ہے، بھارت کی کارروائیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم آفس پادری سراج ولیم کے معاملے کو خود دیکھ رہا ہے، یہاں آنے کا مقصد مل بیٹھ کر معاملات کو حل کرنا ہے۔