وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بلدیاتی قانون سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
اپنے بیان میں علی زیدی کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کی بڑی فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے زرداری مافیا کےکالے قانون کا سنجیدگی سے مشاہدہ کیا، آرٹیکل 140 اےکے تحت مقامی حکومتوں کواختیارات دینےکا فیصلہ خوش آئند ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت کا بنایا گیا قانون آئین سے متصادم اور نقائص سے بھرپور ہے، سندھ میں بااختیار بلدیاتی نظام سے متعلق جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم نے مقامی حکومتوں کے اختیارات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پرعمل درآمدکیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی استدعا کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کی سندھ میں بلدیاتی اختیارات کی منتقلی کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سندھ حکومت بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کرنے کی پابند ہے، آئین کے تحت بلدیاتی حکومت کو مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات یقینی بنائے جائیں، سندھ حکومت مقامی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگی اور اچھا ورکنگ ریلیشن رکھنےکی پابندہے۔