وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ ہمیں این آر او مل جائے، اپوزیشن کے لوگ اس طرح کی درجنوں ملاقاتیں کریں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ آج کرپشن کے ٹولے کی ملاقات تھی، اپوزیشن کے لوگوں نے سیاسی ڈرامے بازی لگائی ہوئی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر نے کہا تھا کہ آر یا پار، آج ایک دوسرے کے ساتھ خوار ہو رہے ہیں، اپوزیشن ایک دوسرے کے ساتھ اٹھک بیٹھک کرتی رہے گی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اپوزیشن کو معلوم ہے کہ عمران خان نے انہیں این آر او نہیں دینا، ساڑھے تین سالوں میں اپوزیشن نے ہر طرح کی بلیک میلنگ کر کے دیکھ لی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ آصف زرداری، شہباز شریف، نواز شریف اور ان کے بچوں، سب کا پیسا باہر ہے، اپوزیشن کے سیاسی ٹوپی ڈرامے اب نہیں چلیں گے، اپوزیشن کو کیسز اور سزاؤں کا خوف ہے۔