کوئٹہ : مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صدر سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے ۔آنے والے دونوں میں بلوچستان وطن عزیز کا معاشی زون بننے والا ہے ۔ جس کا فائدہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو ہوگا ۔ سیاسی و عسکری قیادت نے ملکر دہشت گردی کے خاتمہ اور ملک کو معاشی ترقی کی جانب گامزکرنے کے لئے جس جدوجہد کا آغاز کی تھی اس کے ثمرات واضح طور پر سامنے آنے لگے ہیں۔ملک میں شورش کی کمی اور گوادر کی صورت میں بین الاقوامی پورٹ بننے سے ملک و قوم کی حالت بدل جائیگی۔ یہ بات انہوں نے بیرون ملک سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صدر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ موجودہ دانشمندانہ قومی قیادت کے فیصلوں اور اقدامات کے باعث پاکستان سے دہشت گردی کا عفریت ختم ہو نے والا ہے ۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت آنے کے بعد پہلی بار ملک میں قوم عافیت کی زندگی گزاررہی ہے ۔ جس کی بڑی وجہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا جرّات مندانہ فیصلے تھے ۔پاک چائنا معاہدوں کی بدولت پاکستان معاشی مرکز بن جائیگا ۔ گوادر کاشغر روٹ بننے سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پوراملک اور خطہ ترقی کے نئے سفر کی جانب گامزن ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کو مسائل و مشکلات سے نکال کر انہیں خوشحالی کے مواقع فراہم کردیں ۔ جس کے لئے ہم روز اوّل سے کوششیں کررہے ہیں ۔ اور آنے والے دنوں میں صوبے میں عوام کے فلاح وبہبود کے لئے ایسے موثر پلان بنائیں گے کہ جس سے عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوسکیں ۔ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ ہماری سیاست کا منبع ومحور عوام ہے ۔ عوام کی مفادات ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہیں ۔ عوام کی جو مفادات ہونگے اس کی پیروی کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی مرتب کریں گے ۔ میری اوّلین ترجیحات میں صوبے کے بڑے مسائل تعلیم صحت اور بے روزگاری کا خاتمہ و پینے کا صاف پانی کی فراہمی وا من وامان کا قیام ہے ۔ ان منصوبوں و اقدامات سے پورے بلوچستان کے عوام کو مستفید کرنے کا عزم رکھتا ہوں اور انشاء اللہ اپنے ان عزائم میں کامیابی حاصل کرکے سُرخ رو ہوجاؤنگا۔