|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2022

وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی میں اقدامات کے باوجود اسٹریٹ کرائمز میں کمی نہیں آئی، سندھ سمیت پورے ملک میں ہمیں جرائم کو کنٹرول کرنا ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پولیس کے تبادلوں اور پوسٹنگ میں سیاسی مداخلت نہیں ہوتی ہے اور یہ کہنا غلط ہے کہ پولیس میں ہر شخص برا ہے، جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پر کسی ایک حکومت اور ایک محکمے کو ٹارگٹ نہ کیا جائے، پولیس کے جوان بھی اپنی جان قربان کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ کرمنل گروپ دیگر صوبوں سے بھی آتے ہیں، سندھ میں کئی دہشتگردی کے واقعات کے کنکشن بلوچستان سے ملے ہیں۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی اطہر متین کے قاتل ضرور پکڑے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نجی ٹی وی چینل سے تعلق رکھنے والے صحافی اطہر متین اس وقت ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے جب انہوں نے راستے میں لوٹ مار کی واردات ہوتے دیکھ کر ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل سے اپنی کار ٹکرا دی۔

پولیس کے مطابق گرنے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں اطہر متین گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان ایک اور موٹر سائیکل چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔