یوکرائن نے روس کے ساتھ حالات کشیدہ ہونے کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرائن کے اعلیٰ سیکیورٹی آفیشلز نے ملک بھر میں 30 دن کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی اور اپنے شہریوں کو روس سے فوری طور پر نکل جانے کا حکم دیا ہے۔
یوکرائن کے تقریباً 30 لاکھ شہری روس میں مقیم ہیں جبکہ متعدد شہریوں کے خاندان روس اور یوکرائن میں رہائش پذیر ہیں۔ یوکرائن نے روس کی جانب سے ممکنہ حملے کے پیش نظر اپنے ریزرو فوجیوں کو بھی باقاعدہ فوج میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔
روس کے ممکنہ حملے کے پیش نظر امریکہ نے بھی یوکرائن کو ہر ممکن امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یوکرائن کو عظیم فوجی امداد بھی دے گا۔
مغربی ممالک اور ان کے اتحادیوں نے روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، گزشتہ روز برطانیہ نے 4 اور امریکہ نے 2 روسی بینکوں پر پابندیاں عائد کی تھیں جبکہ آج آسٹریلیا اور جاپان نے بھی روس پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
برطانیہ کی لیبر پارٹی نے بینکوں پر پابندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روس کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی جائیں۔