|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2022

راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر امن کے بیرونی سپانسر شدہ دشمنوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کرتے ہوئے تربت اور پسنی میں حالیہ دہشتگرد حملوں میں ملوث دہشت گرد کمانڈر آصف عرف مکیش سمیت 10 دہشتگرد ہلاک کردیئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ وگولہ بارود بھی برا ٓمد کرلیا ۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق 23 فروری 2022 کو بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں دہشت گردوں کے کیمپ اور ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن کے بیرونی سپانسر شدہ دشمنوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کیا۔ایک بار جب فوجیوں نے علاقے کو گھیرے میں لینا شروع کیا تو دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر آصف عرف مکیش سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے۔

یہ دہشت گرد تربت اور پسنی کے علاقوں میں حالیہ فائرنگ اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔اس کے علاوہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جسے سیکورٹی فورسز کے خلاف استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے مرتکب عناصر اور منصوبہ سازوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔