|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2022

یوکرین پر حملے کے ساتویں روز بھی روس کی کارروائیاں جاری ہیں، روس نے جنوبی ساحلی شہر خیرسون پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے، جس کی خیرسون کے میئر نے تردید کی ہے۔

دوسرے بڑے شہر خارکیف میں سڑکوں پر لڑائی شروع ہوگئی ہے، ایمرجنسی سروسز کے مطابق خارکیف میں شیلنگ میں 4 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔

یوکرین نے 5 ہزار 840 روسی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے، روس نے تسلیم کیا کہ اس کا جانی نقصان ہوا ہے، لیکن تعداد نہیں بتائی ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق ان کی فورسز نے یوکرین کے 1500 فوجی سامان تباہ کردیا، جس میں 58 طیارے، 46 ڈرونز اور 472 ٹینک شامل ہیں۔

یوکرین کی جانب سے روسی دعوے کی تردید کی گئی ہے۔ یوکرین کا دعویٰ ہے کہ روسی حملوں میں اب تک 14 بچوں سمیت 350 سے زائد شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے مطابق روسی حملوں کے باعث یوکرین سے 8 لاکھ 36 ہزار افراد نے انخلا کیا ہے۔