|

وقتِ اشاعت :   March 11 – 2022

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور وزرا کو الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیج دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس لوئر دیر میں جلسہ کرنے پر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم اور وزرا کو بھیجے جانے والے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے منع کرنے کے باوجود عوامی اجتماع منعقد کیا اور ریاستی مشینری استعمال کی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ آپ نے الیکشن ایکٹ 2017 کی واضح خلاف ورزی کی۔

وزیراعظم اور وزرا سے الیکشن کمیشن نے 14 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے اپنا جواب جمع کرائیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کو دیر کا دورہ کرنے سے منع کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ 2022 کو شیڈول ہے۔