|

وقتِ اشاعت :   August 16 – 2015

کوئٹہ:  بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک افغان سرحد پر واقع ایف سی کی چیک پوسٹ پر افغان سرحد سے نامعلوم دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایف سی کے تین اہلکار جاں بحق اور ایک کو زخمی ہوگیا۔ جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد بھی مارے گئے۔ایف سی حکام کے مطابق واقعہ ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین سے شمال مغرب کی جانب 80سے85کلو میٹر دو پاک افغان سرحدی علاقے قلعہ کرد میں پیش آیا جہاں افغان سرحد سے تقریباً آٹھ کلو میٹر پاکستانی حدود کے اندر قائم فرنٹیئر کور بلوچستان 56ونگ کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگردوں نے اچانک حملہ کردیا۔ دہشتگردووں نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایف سی کے تین جوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے ایف سی اہلکاروں میں نائب صوبیدار علی دوست، لانس نائیک عبدالقادر اور لانس نائیک عبدالوہاب شامل ہیں۔ جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت شمراز کے نام سے ہوئی ہے ۔ایف سی اہلکاروں نے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دو دہشتگرد مارے گئے ۔ ایف سی حکام کے مطابق ڈبن کیبن گاڑی میں سوار وں کی تعداد آٹھ سے دس تھی اور وہ افغان سرحد سے داخل ہوئے تھے ۔ دہشتگرد ہلاک ہونے والے ایک ساتھی کی لاش اپنے ساتھ لے گئے جبکہ دوسری لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ لیویز نے ہلاک ہونے والے دہشتگرد کے قبضے سے ایک ایل ایم جی اور ایک کلاشنکوف بھی برآمد کرلی ۔ایف سی حکام کے مطابق واقعہ کے بعد ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس نے علاقے کے ناکہ بندی کرکے مفرور دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی۔ جبکہ شہید اہلکاروں کی میتیں اور زخمی اہلکار کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔