|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2015

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے بڑے معروف تجاری وکاروباری مرکز ہزارگنجی اڈہ سبزی وفروٹ منڈی میں کوئٹہ امپورٹر ، ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کے نام سے نام نہاد خودساختہ مزدا یونین کی جانب سے ہزارگنجی سے چمن بارڈر کیلئے جانیوالی مزدا ٹرکوں سبزیات ومیوہ جات ودیگر اشیاء خوردونوش سپلائی کرنیوالے تاجروں سے زبردستی بھتہ وصولی کا غیر قانونی سلسلہ جاری ہے جن تاجروں نے نام نہاد یونین کی شرائط ماننے سے انکار کیا ہے اور ان کے مزدا ٹرکوں میں اشیاء خوردونوش وغیر ہ کی سپلائی نہیں کی ہے ان تاجروں کے ٹرکوں پر حملے کےئے گئے ہیں اور ڈرائیوروں کو زدکوب کرکے تشدد کانشانہ بنایا جارہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ اور ہزار گنجی کے تاجروں اور آل پاکستان مزدا یونین نے بارہا پولیس انتظامیہ کوئٹہ پشین اور قلعہ عبداللہ کے اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو ہزار گنجی ، کچلاک ، قلعہ عبداللہ، سرانان ، یارو کے مقامات پر نام نہاد یونین کے بھتہ خوروں کی جانب سے مزدا ٹرکوں سے بھتہ وصولی کے غیر قانونی اقدام کی نہ صرف بروقت اطلاع کی ہے بلکہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی قانونی وآئینی ذمہ داریوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھتہ خوروں کے خلاف فوری کارروائی کرے اور ہزار گنجی سے چمن بارڈر تک کوئٹہ چمن شاہراہ پر تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کےئے جائیں ۔ لیکن یہ امر نہایت افسوسناک ہے کہ پولیس کے اعلیٰ حکام سمیت ہزار گنجی پولیس سٹیشن ، خروٹ آباد ، کچلاک یارو سرانان اور قلعہ عبداللہ کی شہری تحصیل اور ضلعی پولیس وانتظامیہ نے بھتہ خوروں کیخلاف اب تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا ہے ۔ جس سے تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز یارو کے مقام پر باقاعدہ بھتہ خور مافیا کی جانب سے تاجروں کے سامان سے لدھے مزدا ٹرکوں پر حملہ کیا گیا ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے لیکن اب تک پولیس کی جانب سے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس افیسران واہلکاران گڈز کمپنی اور ہزار گنجی کے تاجروں ، کاروباری افراد اور ٹرانسپورٹروں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے اور ہزار گنجی میں اجارہ داری اور بھتہ خوری مسلط کرنیوالے گروہ کیخلاف قانونی کارروائی سے مسلسل گریزکررہے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ بھتہ خوروں کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ حکام فوری طور پر مذکورہ نام نہاد مزدا یونین اور بھتہ خوروں کیخلاف قانون کو حرکت میں لاتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی کرے اور تمام تاجروں کو کوئٹہ چمن شاہراہ پر مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔