کراچی: سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے حملے کے بعد گورنر ہاؤس کراچی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
کچھ دیر قبل پیپلز پارٹی نے سندھ ہاؤس اسلام آباد پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے دھاوے پر اپنے کارکنوں کو گورنر ہاؤس کراچی کے باہر پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
گورنر ہاؤس کراچی کے باہر پولیس کی نفری پہنچ گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے روکا جاسکے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے 24 کےقریب ارکان قومی اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں کیوں کہ وہ پارلیمنٹ لاجز میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتے اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔
گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں کارروائی کا عندیہ دیا تھا تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے اس پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔