بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں ایک فیملی کے ہاں پہلی بچی کی پیدائش ہوئی جس کے بعد ان کے گھر سمیت پورے علاقے میں جشن منایا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکالت کے شعبے سے وابستہ وشال زایکر نامی شہری کے ہاں بچی کی ولادت ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کو گھر لانے کے لیے ہیلی کاپٹر کرائے پر لیا۔
رپورٹ کے مطابق والد نے بچی ‘راج لکشمی’ کے استقبال کے لیے استعمال ہونے والے ہیلی کاپٹر کا کرایہ ایک لاکھ روپے اداکیا۔
بتایا جارہا ہے کہ بچی کی پیدائش اس کے ننہیال کے ضلع بھوجپور میں ہوئی جہاں سے بچی اور خاتون کو پونے لانے کے لیے وشال نے ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وشال زاریکر نے بتایا کہ ہمارے پورے خاندان میں کوئی بھی بچی نہیں تھی، اسی لیے ہم نے اس کی آمد کو خاص بنانے کا سوچا، ہمارے خاندان میں کئی عرصے بعد بچی کی پیدائش ہوئی ہے، اسی لیے ہماری خوشی ناقابلِ بیان ہے۔
بچی کی پیدائش کی خوشی میں ان کے پورے علاقے میں جشن منایا گیا جب کہ ہار اور مالاؤں سے بچی کا استقبال کیا گیا۔