|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2015

اسلام آباد : حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 76 روپے 73 پیسے ‘ ہائی اسپیڈ ڈیزل 82 روپے 4 پیسے‘ ہائی اوکٹین 79 روپے 79 پیسے‘ کیروسین 57 روپے 11 پیسے ‘ لائٹ ڈیزل آئل 53 روپے 59 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ۔ جس کاگزشتہ رات 12 بجے سے اطلاق کردیا گیا ہے۔ پیر کو وزیر پیٹرولیم و قدرتی گیس شاہد خاقان عباسی نے وزارت پیٹرولیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت 90 ارب روپے کے خسارے کے باوجود بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے کمی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی سفارش کی تھی مگر صارفین کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر ریلیف فراہم کیا جارہا ہے وزیر پیٹرولیم نے کہاہے کہ اس وقت پڑوسی ملک بھارت میں 100 روپے اور بنگلہ دیش میں پیٹرول فی لیٹر 129 روپے ہے لیکن پاکستان میں ہمسایہ ممالک کی نسبت کم سطح پر پیٹرول کی قیمت موجود ہے حالانکہ آج بھی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساٹھ ارب روپے خسارے کا سامنا ہے لیکن عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی ہے ۔ شاہد خاقان عباسی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر گھریلو صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کیلئے 13 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ 100 کیوبک میٹر تک گیس استعمال کرنے کیلئے 4 روپے 100 سے 300 کیوبک میٹر تک استعمال کرنے والے کیلئے 8 روپے اور 300 سے زائد استعمال کرنے والوں کیلئے 69 روپے ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے گھریلو سیکٹر کو ابھی بھی 75 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے شاہد خاقان نے کہا کہ اس وقت ایل این جی 7 سے ساڑھے سات روپے میں مل رہی ہے ایل پی جی کے حوالے سے سمری سی سی آئی کو بھیجی ہوئی ہے جیسے ہی سمری کی منظوری ہوگی تو پورے سال سلینڈر 900 روپے کے حساب سے ملے گا۔