|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2022

ملک میں بلدیاتی انتخابات کا سال شروع ہوگیا ہے تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے تیاریاں شروع ہوچکی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن بھی تیار ہے ۔ ملک میں بلدیاتی انتخابات کا ہونا انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس سے پسماندہ علاقوں کو درپیش مسائل حل ہونگے خاص کر بلوچستان جو منتشر آبادی اور وسیع رقبہ ہے جہاں مسائل بہت زیادہ ہیں صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان کے حلقے بہت بڑے ہیں ایک ایم پی اے اور ایم این اے ایک طویل حلقے کے مسائل کو کس طرح حل کرسکتا ہے۔

اس لیے سب سے زیادہ ضرورت بلوچستان کو مقامی حکومت کی ہے ہر علاقے کے عوام کو اپنے نمائندگان دستیاب ہونگے اور اپنے فوری مسائل کے لیے ان سے رابطہ کرسکتے ہیں مگر بشرطیکہ مقامی حکومت میں حلقے کے ایم پی ایز اور این ایم ایز کی مداخلت کسی صورت نہ ہو اور وہ مقامی نمائندگان کے کام سمیت فنڈز پر اپنا اثرونفوذ استعمال نہ کریں۔ ماضی کے تلخ تجربات سامنے ہیں کہ کس طرح سے بلدیاتی نمائندگان کو غیر فعال کرکے حکومت واپوزیشن جماعتوں نے فنڈز اور اختیارات پر اپنا دباؤ برقرار رکھا حالانکہ ایم این ایز اور ایم پی ایز وزراء مشیران کو فنڈز الگ سے ملتے ہیں اس کے علاوہ ان کے لیے دیگر مراعات بھی ہوتے ہیںاس کے باوجود ان کی مقامی حکومت کے اندر مداخلت انتہائی غیر سیاسی عمل ہے اس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اپنا ووٹ بینک بچانے کے ساتھ فنڈز منظور نظر افراد کے اندر بانٹنے کے ساتھ اپنی کمیشن نکالتے ہیں۔

لہٰذا اس روش کو تمام سیاسی جماعتوں کو ترک کرنا چاہئے بلوچستان کی محرومی وپسماندگی کا رونا رونے کی بجائے عملی طور پر بلوچستان کی سیاسی جماعتیں مقامی حکومت کو فعال اورخود مختار بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے پالیسی بیان دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت بلوچستان صوبے میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے پوری طرح تیار ہے۔تمام متعلقہ اداروں کو خوش اسلوبی سے بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے انعقاد کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری اور بعض دیگر وجوہات کی بناء پر صوبائی حکومت کی خواہش تھی کہ انتخابات کا انعقاد کچھ عرصہ کے لئے مؤ خر کیا جائے۔بلدیاتی اداروں کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔

انتخابات کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے حوالے سے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے لئے حکومت تمام وسائل فراہم کریگی۔بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی اساس ہیں۔بلدیاتی اداروں کی تشکیل سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہونگے۔بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے۔امید ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں بھرپور حصہ لینگی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کرانے کے حوالے سے پالیسی بیان خوش آئند بات ہے۔

اسے جلدہونا چاہئے تاکہ درپیش مسائل کو فوری حل کرکے بلدیاتی انتخابات کی طرف جانا چاہئے تاکہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے عوام کے مسائل حل ہوجائیں کیونکہ اندرون بلوچستان میں صحت، تعلیم، سیوریج، پانی سمیت دیگر مسائل بہت زیادہ ہیں اور اس کا حل صرف مقامی حکومت کے ذریعے ہی ممکن ہے توقع ہے کہ جلد ہی موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات کرائے گی اورمقامی حکومت کی تشکیل اور خودمختاری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔