|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2022

بلوچستان کا ساحل تجارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مغرب سے سینٹرل ایشیائی ممالک کو گوادر کے ذریعے تجارت کے حوالے سے استعمال میں لایا جائے تو پورے ملک کی معیشت کا پہیہ تیز رفتاری سے چلے گا، عرصہ دراز سے اس جانب توجہ مبذول کرائی جارہی ہے کہ بلوچستان کے خشک اور سمندری راستوں کو دیگر ممالک کے ساتھ ریلوے ٹریک، شاہراہوں کے ذریعے ملایا جائے تو یہ ایک بہت بڑا معاشی اور خوشحالی کا اقدام ہوگا لیکن بدقسمتی سے اس جانب خاص توجہ نہیں دی گئی۔

پڑوسی ملک ایران ایک واضح مثال ہے چاہ بہار پورٹ کے ذریعے اربوں ڈالر ایران منافع کمارہا ہے اور تمام تر پابندیوں کے باوجود اس کی معیشت بہتر ہے۔ بہرحال اس وقت صرف بلوچستان پرمحل وقوع کے حوالے سے خاص توجہ مرکوزکرنے کی ضرورت ہے جب تک سرمایہ کاری نہیں کی جائے گی معاشی ترقی کے راستے نہیں کھلیں گے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ساحلی علاقوں کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل ادارہ ہے جسے مزید فعال اور متحرک بنایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے 17ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی، چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی اورگورننگ باڈی کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ سیکرٹری محکمہ ماہی گیری بابر خان کاکڑ نے گورننگ باڈی کے اجلاس کا ایجنڈہ پیش کیا۔اجلاس میں گورننگ باڈی کے 16ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ اجلاس نے بی سی ڈی اے کے مالی سال 2021-22کی بجٹ ری گرانٹ ان ایڈ کی منظوری بھی دی ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گورننگ باڈی کے اجلاسوں کے بروقت انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے انتظامی اور ترقیاتی امور کی احسن طریقے سے ادائیگی کیلئے بروقت فیصلے اہمیت کے حامل ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ بی سی ڈی اے کے تحت جاری سیاحتی شعبے کی ترقی اور دیگر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عیدالفطر کے بعد ساحلی علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساحلی علاقوں کے عوام خاص طور سے ماہی گیروں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ ماہی گیری اس امر کو یقینی بنائے کہ ساحلی علاقوں کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کے مفادات اور حقوق کو تحفظ حاصل رہے ،اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اگر ساحلی علاقوں کو دیگر ممالک سے منسلک کرنے کے حوالے سے ماسٹر پلان مرتب کریں تو مسائل خود ہی ختم ہوجائینگے ،اربوں ڈالر منافع بلوچستان کمائے گا ۔

ماہی گیروں سمیت عام لوگوں کی زندگی میں بھی تبدیلی آئے گی۔ ساتھ ہی ساحلی علاقوں میں سیاحت کو فروغ ملے گا اس جانب صرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے خواب کوتعبیر دینے کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اس امر کو یقینی بنانے کیلئے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اس پر توجہ دینگے جو بلوچستان کی معاشی ترقی کے خواب کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔