|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2015

کوئٹہ:  بی ایس او آزاد بلیدہ زون جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت زونل آرگنائزر منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خاص بی ایس او آزاد کے سنٹرل کمیٹی ممبر لکمیر بلوچ تھے۔ اجلاس میں مرکزی سرکُلر، زونل کارکردگی رپورٹ، تنظیمی امور، سیاسی صورت حال، تنقیدی نشست و آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔ قومی آزادی کے لئے شہید ہونے والے عظیم شہداء کی یاد میں دومنٹ کی خاموشی کے بعد اجلاس کا باقاعدگی سے آغاز ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس او آزاد کے رہنماؤں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو سیاست سے دور رکھنے اور قومی شعور سے بیگانہ رکھنے کے لئے ریاست ہمیشہ اپنے مقامی گماشتہ سرداروں کے ذریعے متحرک رہا ہے۔ ایران، پاکستان اور افغانستان کے علاقوں میں تقسیم بلوچ قومی قوت کو مذید کمزور کرنے کے لئے مذہب اور علاقائیت کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ایران و پاکستان کے زیر قبضہ علاقوں میں مذہبی فرقہ واریت ریاستی سرپرستی میں پروان چڑھائی جا رہی ہے تاکہ انہی شدت پسندپراکسیوں کے زریعے جہد آزادی کو کمزور کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آج ریاست کاؤنٹر پالیسیوں میں شدت لاتے ہوئے کئی محازوں پر بیک وقت قومی تحریک کے خلاف برسرپیکار ہے۔ طاقت کا استعمال، قومی تحریک کی اصل صورت کو مسخ کرنے کے لئے بھرپور میڈیا ٹرائل، بلوچ معاشرے کی سیکولر شناخت کو ختم کرنے کے لئے ریاستی زیر سایہ پرورش پانے والے مذہبی شدت پسندوں کا استعمال سمیت ہر محاز پر قومی تحریک کی اصل حیثیت کو مسخ کرنے کی کوششوں میں ہے تا کہ بلوچ قومی تحریک سے عوامی اعتما د کو کم کیا جا سکے۔قومی تحریک کے خلاف ہونے والی ان سرگرمیوں میں سردار، نیشنل پارٹی، اور مذہبی جماعتیں براہ راست شریک ہیں۔ کیوں کہ بلوچستان کی آزادی کی صورت میں یہ گماشتے قومی وسائل کی لوٹ مار، اور قومی سیاست کے نام پر کاروبار نہیں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوان اپنی ذمہ داریوں کا احساس کر کے قومی تحریک کا حصہ بن جائیں۔ دنیا میں جتنے بھی کامیاب تحریکیں چلی ہیں ان میں سنجیدہ نوجوان طبقے کا کردار صف اول کا رہا ہے ۔ریاستی مشینری بلوچ نوجوانوں کو سیاست سے دور رکھنے اور قومی آزادی کی ضرورت سے بیگانہ کرنے کے لئے پوری قوت سے پروپگنڈوں میں مصروف ہے، تا کہ بلوچ نوجوان اپنی چھوٹی چھوٹی خواہشات کے حصول کے لئے ٹھوکریں کھاتا پھریں، اور قومی آزادی جیسے عظیم مقصد سے بیگانہ ہو جائیں۔ بلوچ نوجوانوں کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ وہ جدید دنیا کی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر تعلیم حاصل کریں، اور اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو قومی تحریک کے لئے وقف کردیں۔اجلاس کے آخر میں الیکشن کے ذریعے نئی زونل کابینہ تشکیل دی گئی۔ اورزونل ذمہ داریاں نئی کابینہ کے حوالے کی گئیں۔