|

وقتِ اشاعت :   September 14 – 2015

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں ایک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

ملتان کے نشتر ہسپتال کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ہسپتال میں سات افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا جب کہ 13 افراد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔ ذرائع کے مطابق 60 سے زائد زخمی بھی ہسپتال میں لائے گئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔ ہسپتال کے ذرائع کے مطابق اکثر زخمیوں کو ’ڈی گلوِنگ‘ قسم کے زخم آئے ہیں جس میں جسم سے جلد پھٹ کر اتر جاتی ہے۔ سپرنٹینڈنٹ پولیس خالد روف کے مطابق بم والا بیگ یا تو گاڑی میں رکھا جا رہا تھا یا رکھا جا چکا تھا، اس لیے کہ جائے وقوعہ سے ایک لاش ملی ہے جو آدھی اڑی ہوئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ سڑک پر دو ضرب دو فٹ کا گڑھا پڑ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’میرے خیال میں اس میں دس سے 15 کلوگرام باردوی مواد استعمال کیا گیا ہے۔ ہمارے ڈی سی او اور آر پی اور نشتر ہسپتال میں موجود ہیں۔‘
ہمارے نامہ نگار عدیل اکرم نے سٹی پولیس آفیسر اظہر اقبال کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یہ دھماکہ وہاڑی چوک میں ہوا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ جائے وقوعہ سے بال بیئرنگ برآمد ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ریجنل پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ فورینسک ٹیسٹ کے بعد ہی یہ معلوم ہو سکے گا کہ یہ دھماکہ کس نوعیت کا ہے۔ جس جگہ یہ دھماکہ ہوا ہے وہاں بسوں کا اڈا ہے۔