|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2015

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ انگریز دورسے لیکر آج تک کی تاریخ میں لیویز فورس کی بہادری، قربانی اور جانفشانی سے عبارت ہے، ہتھیار حوالے کرنا ہماری روایات، اقدار اور عزت ووقار کے منافی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک آرمی کی جانب سے کمانڈوز کی تربیت پانے والے 250لیویز اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میجر جنرل آفتاب احمد، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس محمد عملش خان، ڈی جی لیویز سمیت دیگر اعلیٰ سول اور فوجی حکام بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ لیویز فورس کی انگریز کے زمانے سے لیکر آج تک کی تاریخ ، قربانیوں، جانفشانی اور عوام کی خدمت سے عبارت ہے، لیویز فورس بلوچستان کے 90 فیصد رقبے پر امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ہے، لیویز فورس کے تمام اہلکار مقامی ہیں اور وہ کمیونٹی میں رہ کر اپنی ذمہ داریوں کو تندہی اور احسن طریقے سے ادا کرتے ہیں، اپنے ہتھیار کو دشمن کے حوالے نہ کرنا اور معصوم لوگوں کی حفاظت ہماری قومی روایات اور اقدار کا لازمی جزو سمجھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کی کارکردگی کسی بھی فورس سے کم نہیں ، لیویز اہلکار اپنے علاقے کے ہر فرد، معززین او ر سماج دشمن عناصر سے متعلق مکمل معلومات رکھتا ہے، لیکن بدقسمتی سے صوبے کے ناگفتہ بہ حالات اور ماضی کی حکومتوں کی غفلت کے باعث اس فورس کے جذبات اور کارکردگی کو زنگ لگ گیا ، کچھ واقعات میں لیویز اہلکاروں نے اپنے ہتھیار حوالے کئے، ایسے واقعات کا رونما ہونا یقیناًہماری روایات اور اقدار کے منافی اور باعث ندامت ہے، انہوں نے کہا کہ عام حالات میں بھی کوئی بلوچستانی اپنا ہتھیار کسی کے حوالے کرنے سے زیادہ اپنی موت کو ترجیح دیتا ہے اور فورس کے اہلکار کو تو کسی بھی صورت سماج دشمن عناصر کے سامنے سرنڈر نہیں کرنا چاہیے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر لیویز کے جوان جوانمردی اور وقار کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں تو ہمیں فرنٹیئر کور یا دیگر سیکورٹی اداروں سے مدد لینے کی ضرورت ہی پیش نہیں آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے خضدار لیویز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ خضدار میں لیویز نے اپنی کارکردگی اور جرات کے باعث مثالی کردار ادا کیا ہے، اگر خضدار میں لیویز امن بحال کر سکتی ہے اور مجرموں اور سماج دشمنوں کا پیچھا کر کے انہیں پکڑ سکتی ہے تو یقیناًوہ پورے صوبے میں بھی یہی کردار ادا کر سکتی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے سیکورٹی اداروں کی پشت پر کھڑی ہے اب فورسز کو بے خوف و خطر جرائم کی بیخ کنی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پاس آؤٹ ہونے والے لیویز اہلکاروں کے لیے 20, 20 ہزار روپے اور لیویز اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے والے انسٹریکٹروں اور انتظامیہ کے لیے 50, 50ہزار روپے کا اعلان بھی کیا۔بعد ازں وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں نمایاں کارکردگی کرنے والے اہلکاروں اور انتظامیہ میں انعامات تقسیم کئے۔