|

وقتِ اشاعت :   May 17 – 2022

پنجاب پولیس کا محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے لاہور انارکلی بم دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

پنجاب پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی، انٹیلی جنس اور دیگر تکنیکی طریقوں کی مدد سے ‘دہشت گردوں کا نیٹ ورک’ توڑ دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ملزمان کی شناخت ثنااللہ اور عبدالرازق کے نام سے ہوئی اور انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ٹرک کے ذریعے بلوچستان سے لاہور پہنچے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملزمان لاہور میں ایک ہی دن دو بم دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ‘آئی ای ڈی ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ،ریموٹ کنٹرول اور بیٹریاں برآمد ہوئیں، دہشت گردوں کے تانے بانے ملک دشمن ایجنسی سے ملتے، یہ دھماکا ہمسایہ ملک میں ملک دشمن عناصر نے منصوبہ بندی سے کروایا’۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ گرفتار ملزمان نے انارکلی دھماکے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے اور اس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن لاہور میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دھماکے کے تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور محکمے کی تفتیشی ٹیم قانونی عمل کے ذریعے ان کو یقینی طور پر سزا دلوانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

واضح رہے کہ رواں برس 20 جنوری کو لاہور کے انارکلی بازار میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق اور 30 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے، جس کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ابتدائی طور پر گیس سلینڈر کا دھماکا قرار دیا تھا۔

تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ یہ ایک بم دھماکا تھا، ایک غیر معروف تنظیم بلوچ نیشنلسٹ آرمی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سی ٹی ڈی نے واقعے کا مقدمہ قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیش کے دوران دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث چند افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کو جیو فینسگ اور اس طرح کے دیگر طریقوں سے مرکزی ملزم کو تلاش کرنے میں مدد ملی ہے جس نے انارکلی کی پان منڈی میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کال ریکارڈنگ اور بازار، سڑک اور علاقے میں نصب کیمروں سے کچھ رہنمائی حاصل کی تھی۔

بعد ازاں مارچ میں دھماکے سے جڑے 6 دہشت گرد بلوچستان کے شہر سبی کے شہری علاقے ناگاؤ پہاڑی میں فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے تھے۔