|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2015

کوئٹہ: محکمہ داخلہ و قبائلی امور حکومت بلوچستان نے دفعہ 144کے تحت عیدالاضحی کے موقع پر کالعدم تنظیموں کی جانب سے قربانی کی کھالیں اور چندہ جمع کرنے کو ممنوع قرار دیاگیا ہے اس حکم کا اطلا ق صوبہ بھر میں ہوگا اس حوالے سے اعلامیہ میں ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے اس پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے مطابق کھالیں جمع کرنے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے پیشگی تحریری اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ کالعدم تنظیمیں چاہئے وہ مذہبی ہوں یا سیاسی، کسی بھی صورت میں کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ کھالیں اپنی مرضی سے دینا قربانی دینے والوں کا بنیادی حق ہے انہیں ہے حق استعمال کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہئے اور ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہونا چاہئے۔ کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گاڑیوں پر جھنڈے ، لاؤد سپیکر لگاکر کسی قسم کا اعلان کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گھر گھر جاکر زبردستی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ محلہ اور علاقوں میں مسجد ، مدرسہ اور فلاحی ادارے موجود ہیں۔ لوگ بذات خود بھی اپنی مرضی سے جاکر کھالیں جمع کراسکتے ہیں۔ کھالیں جمع کرنے والی تنظیموں، اداروں اور دینی مدارس کے کارکن جب کھالیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کریں تو ان کے پاس اپنا قومی شناختی کارڈ، ادارے کا کارڈ، متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری کردہ اجازت نامہ کی نقل ہونی چاہئے۔ بہ صورت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ اختیار ہوگا کہ کھالیں ضبط کرلیں۔ مجموعی طور پر کھالیں جمع کرنے کی جگہ اور کھالیں منتقل کرنے والی گاڑیوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی تمام ادارے ، تنظیمیں اور دینی مدارس ان مقامات کی فہرست، تفصیل متعلقہ ضلعی پولیس آفیسر ( DPO) کو فراہم کریں۔ عیدالاضحی کے تینوں دن کسی بھی قسم کا اسلحہ یا ڈنڈے، لاٹھی، سلاخیں، وغیرہ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی۔ اس شق کو نافذ کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے جگہ جگہ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روک کر چیک کریں گے اور تلاشی لیں گے تمام پارٹیوں، تنظیمیں اور دینی مدارس اور ادارے اپنے کارکنان کو ہدایت کریں کہ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں ۔ بغیر اجازت نامہ کے کھالیں جمع کرنے یا مندرجہ بالا شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے، تنظیم ا ور دینی مدارس کے کارکن کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور کھالیں ضبط کی جائیں گی۔ عوام الناس سے گذارش ہے کہ قربانی کی کھالیں لینے کیلئے زبردستی رسید دینے یا کسی بھی قسم کی دیگر شکایات کیلئے فوری طور پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر یا ڈی پی او آفس میں رپورٹ کریںیاکنٹرول روم محکمہ داخلہ 081-9202119، ڈی آئی جی کوئٹہ 081-9201939، فیکس نمبر081-9201872 ۔ فیاض سنبل کنٹرول روم081-9202777 پر رابطہ کریں