افغانستان میں طالبان کی واپسی کے بعد دارالحکومت کابل میں سب سے بڑی اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیکڑوں مہمانوں اور بندوق بردار طالبان جنگجوؤں نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں ایک ہی وقت میں 70 جوڑے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ گزشتہ روز ہونے والی شادی کی تقریب میں دلہنوں نے سبز شال اور دولہوں نے سفید شلوار قمیض زیب تن کیا۔
اجتماعی شادی کی تقریب سادگی سے منعقد کی گئی جس میں جوڑوں کو علیحدہ رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں شادی بیاہ کے معاملات انتہائی مہنگے ہیں۔ اجتماعی شادی کا ہال 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر میں بُک کیا گیا۔
گزشتہ برس اقتدار میں آنے کے بعد طالبان کی جانب سے سماجی زندگی پر سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں، ساتھ ہی شادیوں میں ادا کی جانے والی غیر ضروری رسومات پر بھی پابندی عائد کی گئی تھیں۔
شادی کے لیے آٹھ سال کا انتظار کرنے والے عباد اللہ کا کہنا ہے کہ ’ آج کوئی نوجوان مہنگی شادی کا بوجھ نہیں اٹھانا چاہتا‘۔
22 سالہ عصمت اللہ بشر نے کہا کہ ’ میرے پاس کوئی کام نہیں ہے، ہمارے پاس پیسے کی کمی تھی اور اس لیے ہم نے اجتماعی شادی کی تقریب میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا‘۔