الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں، این اے 245 کراچی، پی کے 7 سوات اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج کی خدمات طلب کرلی۔ چیف الیکشن کمشنر نے فوج تعیناتی کیلئے آرمی چیف کو خط لکھ دیا۔
ای سی پی کے مطبق سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ اور پی کے 7 سوات میں ضمنی انتخاب کیلئے 26 جون کو پولنگ ہوگی، پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی کو شیڈول ہے جبکہ این اے 245 کراچی میں ضمنی انتخاب 27 جولائی کو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کی خدمات مانگ لیں، چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کیلئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خط لکھ دیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق فیصلہ کراچی اور لاہور کے ضمنی الیکشن میں بدامنی کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے، مراسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ انتخابات میں پاک فوج کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا مراسلے میں یہ بھی کہنا ہے کہ کے پی اور بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں بھی فوج نے بہترین فرائض انجام دیئے، امید ہے اب بھی فوج اپنی بہترین خدمات سر انجام دے گی۔