|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2015

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنر ل ڈاکٹر یاسین بلوچ ، صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ ،نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبدالسلام بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے نیشنل پارٹی کے کارکنوں کو باقاعدہ ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کیا جا رہاہے ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہے ہمارے آباو اجداد نے قربانیاں دی ہے ہم دہشت گردوں پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ بندوق کی نوک پر اپنا ایجنڈا ہم پر مسلط نہیں کرسکتے بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ ا ور فائرنگ میں ملوث ملزمان کو ہر صورت میں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہاک چند روز قبل ہماری پارٹی کے سینئررہنماء میجر محمد علی کو قتل کیا گیا اور گزشتہ روز پنجگور کے علاقے میں نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر علاوالدین ایڈوکیٹ اور میونسپل کمیٹی تمپ کے چیئرمین پھلین بلوچ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ایسے حملوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہم نے بے پنا ہ قربانیاں دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز چادراور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا اور ہماری پارٹی کے کارکنوں کے گھروں پرفائرنگ کرکے بچوں اور خواتین کو ہراساں کیا گیا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس دن ہماری پارٹی کے رہنماء مولابخش دشتی کوقتل کیا گیا تھا اس دن سے ہمارے دل سے موت کا خوف نکل گیا ہے اور ہم ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بندوق اورگولی کے زور پر نظریات تبدیل نہیں کئے جا سکتے ہیں ہمارے جو نظریات ہیں وہ سب کو معلوم ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور نہ آئے گی۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال ماضی کی مقابلے میں بہت بہترہوئی ہے اور لوگوں میں تحفظ کا احساس پایاجاتا ہے اور صوبے سے نو گو ایریاز کا مکمل خاتمہ کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز امن و امان کے قیام کیلئے کام کر رہی ہے حبیب جالب بلوچ ، صحافی ارشاد مستوئی کے قاتلوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جس کے نتیجے میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ہماری حکومت کسی سے نہیں ڈرتی ہم دشمنوں کا اور مسلح افراد کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پاڑٹی کے رہنماوں اور کارکنوں کو ایک منصوبے کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے جس میں کالعدم تنظیم کے مسلح افراد ہوسکتے ہیں جو واردات کے بعد پہاڑوں میں فرار ہوجاتے ہیں تاکہ انکو کو ئی گرفتار نہ کرسکے لیکن حکومت جلد انکو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے گی۔