|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2015

کوئٹہ:  نامعلوم افراد کی جانب سے دو دن قبل بولان کے علاقے میں بجلی کے ٹاور اڑانے کے بعد ان ٹاوروں کی مرمت کاکام تیسرے روز بھی نہیں ہوسکا ۔تفصیلات کے مطابق بولان کے علاقے میں نامعلوم افراد نے دو روز قبل بجلی کے دو ٹاوروں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا تھا جس کی وجہ سے کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں بجلی کا وقفہ وقفہ سے بریک ڈاؤن شروع ہوگیا متاثرہ ٹاوروں کی مرمت کا کا م سیکورٹی کلیئر نہ ہونے کی وجہ سے آج تیسرے روز بھی نہ ہوسکا کوئٹہ شہر کو خضدار ، لورالائی، اور دادو ، کشمور ، وقفہ وقفہ سے بجلی دی جارہی تھی کہ اچانک پیر کی شب خضدار ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث کوئٹہ شہر ایک گھنٹے تک تاریکی میں ڈوبا رہا۔ دریں اثناء گزشتہ شب نامعلوم تخریب کاروں نے سبی اورکوئٹہ کے درمیان بجلی کے 4ٹاورزاُڑادئیے جن میں 220KVکے 2ٹاورز(نمبر204اور205) جبکہ 132KVکے بھی 2ٹاورز(نمبر271اور 272) اُڑادئیے گئے۔ جس کے نتیجہ میں کوئٹہ سمیت کچھ علاقوں کو بجلی کی فراہمی عارضی طورپرمعطل ہوگئی تھی ۔تاہم کیسکونے متبادل ذرائع سے کوئٹہ سمیت مچھ، چاغی، دالبندین، مستونگ ، چمن اورقلعہ عبداللہ کے علاقوں کو بجلی دوبارہ بحال کردی تھی۔ متاثرہ ٹاوروں کی مرمت اوربجلی بحالی کاکام صوبائی حکومت کی جانب سے سیکورٹی کلیرنس ملنے کے بعد شروع کردیاجائے گا۔ واضح رہے کہ اس ٹرانسمیشن لائن سے منسلک تمام علاقوں کومعمول کے مطابق متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔