|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2015

کوئٹہ :  بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ واسا سے عرصہ دراز سے ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے 132 ملازمین کو برطرف کرنے اور ہرنائی ،موسیٰ خیل ، لورالائی میں لیویز کی پوسٹوں پر بھرتیوں میں بلوچ قبائل کو نظر انداز کرنے اور لسانی بنیادوں پر خالی پوسٹوں پر تعیناتی کی سازشیں کی جا چکی ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ واسا سے ارباب و اختیار ، حکومت بلوچستان عوام کو روزگار دینے کے بجائے 132سے زائد ڈیلی ویجز بلوچ ملازمین کو بے روزگار کر کے صوبائی حکومت مزدور دشمن پالیسی پر گامزن ہے عرصہ دراز سے کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین اپنی خدمات ایمانداری سے سر انجام دے رہے تھے اب جبکہ اقتدار پر براجمان حکمران بلوچستان کے تمام معاملات کو تنگ نظری ، شاؤنزم اور لسانی بنیادوں پر چلانے کی کوشش کر رہے ہیں ان ملازمین کو نکالنے سے اخبارات میں اشتہار بھی تشہیر کی گئی کہ اپنے پارٹی جیالوں اور غیر بلوچوں کو واسا میں ملازمت فراہم کرنے کی ٹھان لی گئی ہے حکومتی عمل کو کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہر فورم پر اس کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی قانونی چارہ جوئی سمیت تمام پلیٹ فارمز کو بروئے کار لاتے ہوئے آواز بلند کرے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام بالا ایک جانب بلوچستان سے محرومیوں ، محکومیت اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے دعوے کرتے ہیں اب ستم ظریفی یہ ہے کہ ہر محکمے میں بلوچ دشمنی پر مبنی پالیسیاں بنائی جا چکی ہیں 2013ء کے انتخابات کے بعد حکمران تنگ نظری پر مبنی پالیسیوں کو دوام دے رہے ہیں 132 ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفی کے خلاف پارٹی سخت احتجاج کرے گی اور ملازمین کے حق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح ہرنائی ، موسیٰ خیل کی نصف آبادی جو بلوچ قبائل پر مشتمل ہے لیکن اب قبائلی فورس لیویز میں صوبائی حکمران اپنے سیاسی جیالوں کو لیویز فورس میں بھرتی کرنے اور غیر بلوچوں کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ بلوچ فرزندوں کو ہرنائی ، موسیٰ خیل ، لورالائی میں مکمل نظر انداز کیا جا رہا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ لیویز جو قبائلی فورس ہے تمام قبائل کے افراد کو برابری کی بنیاد پر روزگار فراہم کیا جائے بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت اور بلوچستان کے ارباب و اختیار اس بات کا سخت نوٹس لیں کہ بعض محکموں اور ان اضلاع میں لسانیت اور تنگ نظری کی بنیاد بنائی گئی پالیسیوں کا نوٹس لیں اب نفرت ، تنگ نظری کی سیاست کے سوا بلوچستان حکومت نے عوام کو کچھ نہیں دیا ناانصافیوں پر مبنی پالیسیاں فوری طو رپر بند کی جائیں محکمہ واسا کے ڈیلی ویجز ملازمین کو نکالنے کے بجائے مستقل کیا جائے ۔