کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جمعہ کو کوئٹہ شہر میں محرم الحرام کی سیکورٹی اور یوم عاشورہ کے جلوس کے روٹس کا مکمل معائنہ کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے موقع پر عاشورہ، جلوس کی گزرگاہوں اور اطراف میں کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور باچا خان چوک، میکانگی روڈ سمیت مختلف مقامات پر موجود پولیس افسران سے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے سوالات کئے اور وہاں موجود لوگوں سے بھی ان کی رائے لی، وزیر اعلیٰ نے معائنہ کے دوران شیعہ کانفرنس بلوچستان کے صدر داؤد آغا اور دیگر رہنماوں سے بھی ملے، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس محمد عملش، پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی و دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ پولیس ،سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاران محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں، انہوں نے کہا کہ عوام بھی مشکوک اشیاء اور افراد کے بارے میں فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کریں۔