|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2022

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں عمران خان کی 20 نشستوں پر برتری دیکھ کر حکومت نے دھاندلی اور غنڈہ گردی شروع کر دی ہے۔

ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ کل میں نے لاہور ٹاؤن شپ اور صدر میں جلسہ کیا تو وہاں کی انتظامیہ کو پولیس نے پکڑ لیا، ووٹ کو عزت دینے کی بات کرنے والے ووٹ کو ذلیل کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ مہنگائی، کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ڈسے ہوئے عوام میں حکومت کے خلاف نفرت انتہا پرہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکمران جو کھیل کھیل رہے ہیں اس میں وہ خود پھنستے جا رہے ہیں، حکمران عوام کے فیصلے اور ووٹ کو عزت دیں ورنہ خود ذلیل ہوں گے۔

یاد رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔