|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2022

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا۔ شہباز شریف نے بتایا کہ آج رات 12 بجے (15 جولائی) سے ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے اور پیٹرول 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کیا جارہا ہے۔ کہتے ہیں کہ پچھلی حکومت نے ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے بارودی سرنگیں بچھائیں، آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا اور اس کی دھجیاں اڑائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو تباہ حال معیشت ملی، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا اور اس معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں، انہوں نے ہماری حکومت کیلئے بارودی سرنگیں بچھادیں، اس کی مثال ہے کہ ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے تیل کی قیمتوں میں کمی کردی، جس کیلئے خزانے میں پیسے موجود نہیں تھے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ دنیا میں گیس کی قیمتیں کم ہوچکی تھیں سابق حکومت ناصرف اسپاٹ مارکیٹ سے فائدہ حاصل کیا بلکہ لانگ ٹرم گیس کے معاہدے جو کہ 5 ڈالر فی یونٹ پر ہوسکتے تھے نہ کرکے بدترین اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے دل پر پتھ رکھ کر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا، آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگیا، جس کا سہرا مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، خدا کرے کہ ہمارا یہ آئی ایم ایف کیساتھ آخری معاہدہ ہو۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یقین ہے پاکستان اپنی منزل پر رواں دواں ہوگا، مشکلات کو عبور کریں گے، اچھا وقت آئے گا۔

وزیراعظم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج رات 12 بجے (15 جولائی) سے ڈیزل 40 روپے 45 پیسے اور پیٹرول 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر سستا کیا جارہا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد فی لیٹر پیٹرول 230.24 اور ڈیزل 236 روپے کا ملے گا۔

وزیراعظم کے اعلان کے بعد وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق پیٹرول 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی سے 230 روپے 24 پیسے ہائی اسپیڈ ڈیزل 40 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 236 روپے فی لیٹر کا ہوگیا۔