|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2015

دمشق: دومہ میں حکومتی طیاروں کی فضائی کارروائی میں 47 افراد ہلاک جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ عرب خبر ایجنسی کے مطابق جمعے کے روز سرکاری جنگی طیاروں نے دمشق کے مشرق میں موجود دومہ کے مصروف بازار کو نشانہ بنایا جس میں 47 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق دومہ میں فضائی کارروائی کے دوران باغیوں کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کیے گئے جس میں متعدد افراد کی ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ سوِل ڈیفینس کے حکام کا کہنا ہے کہ دومہ کو دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے اور اس کارروائی میں صرف عام شہری ہلاک ہوئے ہیں اور جس علاقے کو نشانہ بنایا گیا وہاں مقامی کسان اپنی اشیا کی فروخت اور شہری خریداری کے لیے آتے ہیں جب کہ یہ شہر کا مرکزی بازار ہے۔ خبرایجنسی کے مطابق مقامی افراد نے بتایا کہ علاقے پر جمعہ کی صبح سے بمباری شروع ہوئی اور ہر 10 منٹ بعد راکتوں اور طیاروں سے حملے کیے گئے جب کہ شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 40 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ شام میں یہ حملہ اس وقت کیا گیا ہے جب امریکا، روس، ترکی اور ایران سمیت 17 ممالک کے وفود شام کے مسئلے پر ویانا میں ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس میں شریک ہیں جس کے شرکا کا اتفاق ہے کہ شام کا مسئلہ طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا۔