کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کچھی سے کالعدم تنظیم کے رکن کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کارروائی ضلع سبی کے قریب کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں کی گئی جہاں ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا اور کالعدم تنظیم کے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ برآمد کئے گئے اسلحہ میں چار راکٹ گولے بمعہ چار فیوز، ایک عدد تیس بور پستول، بمعہ دو میگزین اور دس گولیاں، کلاشنکوف کے تین میگزین اور تین سو گولیاں،چوبیس عدد گولیاں بارہ بورل پستول شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ملزم محمد عمران ولد کریم بخش سکنہ رند علی کو کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔جبکہ کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹر گیراج کا مالک جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے تھانہ انڈسٹریل کی حدود میں جان محمد روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک موٹر گیراج پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پینسٹھ سالہ محمد صادق ولد قربان علی یوسفزئی جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ لاش سول اسپتال کوئٹہ میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول تعلق ہزارہ ٹاؤن کا رہائشی شیعہ فرقے سے تعلق رکھتا تھا۔ ابتدائی طور پر قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے پولیس نے ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین نے علمدار روڈ پر میت سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ جبکہ قلات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق ضلع قلات کی تحصیل خالق آباد منگچر کے علاقے کلی سور جمین زئی میں دونامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے علی اکبر لانگو ولد رحیم دل کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ تاہم قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ مزید کارروائی متعلقہ لیویز کررہی ہے۔