کوئٹہ; آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ کی زیر صدارت ایف ایم ریڈیو کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ سید فدا حسین شاہ، اے آئی جی جنرل ایاز بلوچ، ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی، ایس ایس پی ٹریفک عرفان بشیر،ایس پی ٹریفک سٹی نصیر احمد، ایس پی ٹریفک جاویداحمد، پی آر او ٹو آئی جی پی محمود احمد کھوکھر اور دیگر آفسران نے شرکت کی۔
پیمرا نے حال ہی میں کوئٹہ ٹریفک پولیس کیلئے ایف ایم ریڈیو کا لائسنس جاری کیا۔ ٹریفک پولیس کوئٹہ کے ایف ایم ریڈیو کی فریکوئنسی 88.6 میگا ہرٹز ہے۔ کوئٹہ ریڈیو کی نشریات شاہراؤں پر سفر کرنے والے مسافروں کو موسم، ٹریفک، متبادل راستوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہوگا۔
آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے ہدایات جاری کیں کہ جلد از جلد ایف ایم ریڈیو کی نشریات شروع کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف ایم ریڈیو کا مقصد عوام کو ٹریفک قوانین، ٹریفک جام، سڑکوں پر رش اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایم ریڈیو حادثات سے بچاؤ، موسم سے متعلق ایڈوائزری، کیریج ویز پر ٹریفک کی صورتحال اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے حوالے سے ایک بہترین قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف شاہراہوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے میں ایف ایم ریڈیو کا کردار اہم ہے بلکہ عوام میں ٹریفک شعور اجاگر کرنے اور رویوں میں تبدیلی کیلئے اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ ایف ایم ریڈیو کے ذریعے معیاری پروگرام نشر کئے جائیں اور بہت جلد اس کی نشریات کو بلوچستان کے دیگر اضلاع سے منسلک کر دیا جائے گا۔