|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2015

کوئٹہ،سوراب،پنجگور:  بلوچستان کے ضلع قلات اور پنجگور میں چیک پوسٹ پر حملے اور سرچ آپریشن کے دوران دو سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ جوابی کارروائی میں چارمبینہ ملزمان بھی مارے گئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق قلات کی تحصیل سوراب کے گدر سے بیس کلو میٹر دور زبر کے مقام پر ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر قبائلی رہنماء غلام محمد محمد حسنی کے مکان پر چھاپہ مارا۔ اس دوران مکان کے اندر موجود ملزمان نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی اہلکاریوسف جاں بحق جبکہ سپاہی سبطین زخمی ہوگیا۔ جوابی کارروائی میں تین ملزمان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ زخمی بھی بعد میں دم توڑ گیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک چینی ساختہ بندوق بمعہ پچاس گولیاں، ایک بارہ بور پستول ،تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں جبکہ ملزمان کے ٹھکانے ، چار موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا گیا ۔ ہلاک ملزمان کی شناخت بعد غلام محمد محمد حسنی ولد حاجی عبدالغنی ، سیف اللہ ولد چاکر ، سیف اللہ ولد علی حسن اور اللہ بخش ولد عالم خان اقوا م محمد حسنی کے ناموں سے ہوئی ہے ۔جبکہ زخمی ہونے والے ایف سی سپاہی سبطین کو تشویشناک حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ پہنچادیا گیا۔ زخمی کو سر میں گولی لگی ہے۔ دوسری جانب پنجگور سے تقریباً ساٹھ کلو میٹر دور تحصیل پروم میں پاک ایران سرحد پر واقع لیویز کی دستک چیک پوسٹ پر نامعلوم ملزمان نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اچانک حملہ کردیا۔ چیک پوسٹ پر سولہ اہلکاروں کی ڈیوٹی تھی تاہم حملے کے وقت صرف چار اہلکار موجود تھے۔ حملہ آوروں نے لیویز اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی مزاحمت پر حملہ آوروں نے فائرنگ کردی جس سے لیویز اہلکار عبدالوارث جاں بحق ہوگیا۔ بعد ازاں حملہ آور دو لیویز اہلکاروں سے دوسرکاری کلاشنکوف اور سات گولیاں چھین کر فرار ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر پروم محمد یونس سنجرانی اور لیویز کے رسالدار میجر موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کیا۔ پاک ایران سرحد پر لیویز اہلکاروں اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ لیویز کی مدد کیلئے ایف سی کو بھی طلب کیا گیاتاہم ملزمان ایرانی حدود میں فرار ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور مجیب الرحمان نے پاک ایران سرحدی علاقوں کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش جاری رکھنے کی ہدایت ہے،تمپ ایف سی چیک پوسٹ پر راکٹ فائر، نقصان نہیں ہوا تحصیل تمپ میں نامعلوم سمت سے ایف سی چیک پوسٹ پر ایک راکٹ فائر کیا گیا راکٹ چیک پوسٹ کے قریب گر کر دھماکے سے پھٹ گیا کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اس دوران پوسٹ پر تعینات ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی۔