|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2015

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈ اور پٹیل روڈ پر فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق چلڈرن اسپتال کے قریب جان محمد روڈ کارنر پر واقع معاویہ اسٹور پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ اسی اثناء میں جان محمد روڈ سے ملحقہ پٹیل روڈ پر فائرنگ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کی شناخت شمس الرحمان ولد عبدالرازق سکنہ گوالمنڈی کی شناخت ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں نقیب اللہ ولد علی محمد کاکڑ سکنہ زیارت، گل الرحمان ولد داد اللہ ، جبار احمد ولد عبدالمناف کاکڑ ، اسد اللہ ولد عبدالصمد کاکڑ اور عبدالماجد ولد عبدالظاہر کاکڑ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔ دریں اثناء کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے ایک اور واقعہ میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر ایف بی آر آفس کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے سفید رنگ کی سوزوکی بولان ہائی روف گاڑی رجسٹریڈ نمبر CS003پر فائرنگ کردی۔ اندھا دھند کے نتیجے میں تیس سالہ عزت اللہ ولد محمد ابراہیم ہزارہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ محمد حسن ولد محمد خان ہزارہ شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو سول اسپتال جبکہ زخمی کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔ زخمی محمد حسن سی ایم ایچ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ بعد ازاں اس کی لاش بھی ضروری قانونی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کی گئی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ دونوں افراد کو سر، چہرے اور کمر پر چار سے زائد گولیاں ماری گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تھے۔ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ کوئٹہ میں رواں ہفتے شروع ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی نئی لہر میں اب تک چار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔