|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2022

کوئٹہ:  کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں 75واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے اور سادگی کے ساتھ منایا جائیگا، کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جشن آزادی منانے کے لئے سڑکوں پر نوجوانوں اور فیملیز کا رش امڈ آیا ، تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی آج پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیگی صوبے میں سیلاب کی صورتحال اور اس سے ہونے والے نقصانات کے باعث امسال جشن آزادی بھر پور مگر سادہ و پر وقار انداز میں منایا جارہا ہے بلوچستان میں یوم آزادی کا آغاز کوئٹہ میں 21توپوں کی سلامی سے ہوگا

جس کے بعد جشن آزادی کی مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر منعقد ہوگی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو پرچم کشائی کریں گے بعدازاں گورنر ہائوس کوئٹہ میں بھی ملک کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے تقریب منعقد ہوگی جس میںگورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی پرچم کشائی کریں گے تقریب میں ملی نغمے، تقایر بھی پیش کی جائیںگی اس کے علاوہ صوبے بھر میں سرکاری سطح پر پرچم کشائی سمیت دیگر تقاریب منعقد کی جائیں گی ،جشن آزادی کے موقع پر بلوچستان اسمبلی، ہائی کورٹ،میٹر وپولیٹن کارپوریشن کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے

جنہیں دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد نے ان عمارتوں کا رخ کیا جبکہ گورنر ہائوس ،وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ، سول سیکرٹریٹ کی سجاوٹ کے بجائے ان کے پیسے سیلاب زدگان کی امداد پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔جشن آزادی کے موقع پر سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں ملک کی آزادی کے باب کو اجاگر کیا جائیگا ،یوم آزادی کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات بھی کئے گئے ہیں کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروںپولیس، ایف سی ، لیویز کی اضافی نفری امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے تعینات کی گئی ہے جبکہ کوئٹہ میں ہلڑ بازی کو روکنے کے لئے ون ویلنگ، پانی پھینکنے، اسنو اسپرے سمیت دیگر اشیاء کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے