اسلام آباد: وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے نندی پور توانائی منصوبے پر مبینہ کثیر اخراجات کی خبروں کو غلط قرار دے دیا۔
بدھ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی تحقیقاتی رپورٹ تیار ہو گئی ہے۔
’پچھلے ڈیڑھ ماہ کے دوران اس منصوبے کے حوالے سے بہت قیاس آرائیاں کی گئیں۔ رپورٹ میں لاگت اور اخراجات کے حقائق بتائے گئے ہیں‘۔
انہوں نے دعوی کیا کہ نیپرا رپورٹ، عدالت اور آڈٹ رپورٹ نے نندی پور پاور پراجیکٹ کے حوالے سے تمام الزامات کو غلط قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں قانونی آراءمیں تاخیر کی وجہ سے منصوبہ بروقت مکمل نہیں ہو سکا۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقاتی رپورٹ نے حکومتی اعداد و شمار کی توثیق کر دی ہے اور منصوبے کی لاگت 84 ارب روپے نہیں 58 ارب 41 کروڑ 60 لاکھ روپے ہو گی۔
ان کا کہنا تھا ایل این جی منصوبوں کے مکمل ہونے سے سستی بجلی پیدا ہو گی۔’ خیبر پختونخوا کے پن بجلی کے نقد منافع کے بقایا جات جلد ادا کر دیئے جائیں گے‘۔