کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور سیکیورٹی امور پر ان کیمرہ بریفنگ دی گئی چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ہاشم غلزئی اور آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے متعلقہ امور پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی صوبائی کابینہ نے بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مسنگ پرسن کے حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی پارلیمانی کمیشن کے قیام کی اصولی منظوری دی۔
جس میں اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے دو دو اراکین اسمبلی شامل ہوں گے اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بھی کمیشن کے ممبر ہوں گے کمیشن مسنگ پرسن کے ہر کیس کا جائزہ لے کر اس کی بازیابی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گا کابینہ نے محکمہ داخلہ کو کمیشن کے قیام کے حوالے سے جلد سمری بھجوانے کی ہدایت کی کابینہ کو صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے نقصانات، ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ نے کابینہ کو تفصیلات سے آگاہ کیا کابینہ کی جانب سے سیلاب سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیاکابینہ نے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیااور مشترکہ ٹیموں کے ذریعے نقصانات کے سروے کے فوری آغاز اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیاگیاکابینہ اجلاس میں متاثرین کی امداد، نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی مکمل بحالی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کابینہ نے توقع ظاہر کی کہ وفاقی حکومت بھی متاثرین کی بحالی میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں 15فیصد اضافے کی باقاعدہ منظوری دیدی خیال رہے کہ تنخواہوں میں اضافے کے اعلان رواں مالی سال کے بجٹ میں کیاگیا تھا جس کا اطلاق یکم جولائی 2022سے ہوگااور اس سے صوبائی خزانے پر سالانہ 10321.33ملین روپے اور پینشن میں اضافے سے 3975.30ملین روپے کااضافی بوجھ پڑے گا کابینہ نے سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو سپیشل کورٹ /فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کی منظوری دے دی گئی واضح رہے کہ سیکرٹری پی ٹی اے اور آرٹی اے کو یہ اختیارات پہلے سے قائم بلوچستان ٹرانسپورٹ فورس کے تناظر میں تفویض کئے گئے ہیں کابینہ نے اینٹی ریپ(انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل) ایکٹ 2021کے تحت خصوصی جنسی جرائم انویسٹی گیشن یونٹ قائم کرنے کی منظوری دیدی کابینہ نے ضلع شیرانی کے پانچ کلو میٹر کے شہری علاقے کو اے ایریا قراردینے کی منظوری دیدی اسی طرح سے کابینہ نے فیصلہ کیا کہ نئے بننے والے ضلع قلعہ عبداللہ کے شہری علاقے کو بھی اے ایریا کا درجہ دیا جائے گا۔
کابینہ نے پی ایس ڈی پی 2022-23کی وہ تمام سکیمات جن میں تصحیح کی ضرورت تھی میں تصحیح کی منظوری دیدی کابینہ نے چھوٹے ڈیمز، سیلاب بندات اور زمینی تالابوں کی تعمیر کیلئے پی ایس ڈی پی کی سکیم بلڈوزر گھنٹوں کی فراہمی کیلئے مختص فنڈز میں اضافے کی منظوربھی دی اس اقدام کا مقصد حالیہ سیلاب سے متاثرہ زمینداروں کو اپنی زمینوں کی دوبارہ آبادی کاری کیلئے معاونت کی فراہمی ہے کابینہ نے فیصلہ کیا کہ تمام مستحق زمینداروں کو بلڈوزر گھنٹوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی کابینہ نے بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز سپیشل پروسیجر(آن لائن اینٹی گریشن آف بزنس)رولز 2022پوائنٹ آف سیل کی منظوری دیدی واضح رہے کہ اس اقدام کا مقصد صوبے کے ریونیو میں اضافہ کرنا ہے اور ریستورانوں ہوٹلو ں اور سیلز پوائنٹس کو سیلز ٹیکس برائے سروسز کے دائرہ کار میں لانا ہے کابینہ کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایاگیا کہ ای بزنس کے تصور کے مطابق ریستورانوں، ہوٹلوں اور سیلز پوائنٹس کو بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ساتھ آٹو میٹڈ نظام سے منسلک کیا جائے۔
گاکابینہ نے بلوچستان میں کوئلے کے کانکنی کے علاقوں سے متعلق سیکورٹی اور ڈویلپمنٹ کے ڈرافٹ ایگریمنٹ کے حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جس میں مذکورہ ڈرافٹ سے متعلق اراکین کابینہ کو تفصیلی طور پر بریف کیا جائے گاکابینہ نے پاسکو سے گندم کی 2لاکھ بوری کی خریداری کی منظوری دید ی تاہم محکمہ خوراک کو پابند کیاگیا کہ گندم کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے پاسکو سے وہ گندم خریدی جائے جو پاسکو نے بلوچستان کے زمینداروں سے خریدی ہے کابینہ اراکین نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے فنڈ میں دینے کا اعلان بھی کیااور فیصلہ کیاگیا کہ سرکاری ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ متاثرین سیلاب فنڈز میں جمع کی جائے گی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سکیورٹی امور کے حوالے سے کہا کہ صوبے میں امن وامان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے آج تک ہونے والے تمام دھرنوں کو افہام و تفہیم کے ذریعے ختم کیا ہے اور مسنگ پرسن کا مسئلہ بھی ہم ہی حل کریں گے جس کیلئے مثبت پیشرفت ہورہی ہے جسے وقت آنے پر عوام کے سامنے لایا جائے گا انہوں نے کہا کہ دھرنے پر بیٹھے اساتذہ کے مسئلے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور ان کے مسائل ایسے نہیں کہ حل نہ ہوسکیں۔