|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2015

کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں پانچ افرادمارے گئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آواران کی تحصیل مشکے کے علاقے نوکجو میں سیکورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکورٹی اہلکاروں اورمسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں چار افراد مارے گئے جن کے قبضے سے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم سے تھا اور وہ سیکورٹی فورسز پر حملوں اور دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ہلاک ہونے والے افرادکی شناخت مشکے کے علاقے نوکجو کے رہائشی اختر علی ولد علی محمد ، درویش ولد نور الدین،عمر ولد رحیم اور جیبری کے رہائشی عبدالرحمان ولد خدائے داد اقوام محمد حسنی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تین افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد لیویز کے حوالے کردی گئیں جبکہ ایک شخص کی لاش آخری اطلاع تک فورسز کی تحویل میں تھی۔ دریں اثناء آواران کے علاقے پیر اندر میں سیکورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ناصر علی ولد فیض محمد ہلاک ہوگیا۔ مقتول آواران کے علاقے گزی کا رہائشی تھا۔