جنوب مغربی چین میں بس حادثے میں 27 افراد ہلاک ہو گئے، رواں برس کے دوران یہ ملک کا اب تک کا مہلک ترین ٹریفک حادثہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق سانڈو کاؤنٹی پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثہ گوئیژو صوبے کی شاہراہ پر پیش آیا، گاڑی میں مجموعی طور پر 47 مسافر سوار تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کے علاوہ دیگر 20 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ہنگامی امداد فراہم کرنے والے کارکنوں کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیاہے، پولیس نے واقعہ سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
یہ حادثہ کیانان کی حدود میں پیش جو گوئیژو کا پسماندہ، دور دراز پہاڑی علاقہ ہے جہاں کئی نسلی اقلیتیں آباد ہیں۔
چائنا روڈ نیٹ ورک مانیٹرنگ سروس کی جانب سے ٹوئٹر جیسی سوشل میڈیا ویب سائٹ ‘ویبو’ پر گردش کرنے والے اسکرین شاٹس کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات 2 بج کر40 منٹ پر پیش آیا جب کہ ان پوسٹس کو بعد میں ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے حادثے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ مسافر بس رات کے اس پہر میں ہائی وے پر سفر کیوں کر رہی تھی جب کہ صوبے کی کئی بڑی سڑکوں کو معمول کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
ویبو پر کی گئی ایک پوسٹ میں ایک صارف نے لکھا کہ اس افسوسناک واقعہ پر صرف موم بتی جلاکر اور ‘رپ’ (ریسٹ ان پیس) کہہ غم کا اظہار نہیں کیا جاسکتا، اس پوسٹ کو 15 ہزار سے زیادہ لوگوں کی جانب سے پسند کیا گیا۔
کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے چین بھر میں طویل فاصلے کے سفر پر رات 2 بجے سے صبح 5 بجے تک پابندی عائد ہے۔
گوئیژو صوبے میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جہاں صرف صرف گزشتہ 2 دنوں میں 900 سے زیادہ نئے انفیکشن رپورٹ کیے گئے ہیں۔
60 لاکھ آبادی پر مشتمل گوئیژو کے صوبائی دارالحکومت گیانگ میں ستمبر کے اوائل میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔
پولیس کے بیان کے مطابق بس گیانگ سے لیبو کاؤنٹی کی جانب جارہی تھی۔
اتوار کے روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی غیر تصدیق شدہ تصاویر میں سنہری رنگ کی مسافر بس کو دیکھا جاسکتا تھا جس کا اوپری حصہ مکمل طور پر ٹوٹا ہوا تھا جسے ٹرک کے ذریعے کھینچا جا رہا تھا۔
چین میں ٹریفک حادثات معمول ہیں جہاں ٹریفک قوانین کے نفاذ میں کمی اور غیر معیاری حفاظتی اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ برسوں کے دوران کئی ہلاکتیں ہوئی ہیں، گوئیژو میں اس حادثے کے علاوہ دیگر ٹریفک حادثات بھی ہوئے ہیں۔
جون میں ریلوے ڈرائیور اس وقت ہلاک ہوا جب تیز رفتار ٹرین صوبے میں پٹری سے اتر گئی اور مارچ میں چینی مسافر بردار طیارے کے حادثے میں جہاز میں سوار تمام 132 شہری ہلاک ہو گئے تھے جو چین میں کئی دہائیوں کے دوران پیش آنے والا مہلک ترین فضائی حادثہ تھا۔