ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے دو افسران سمیت 6 اہلکاروں کی نمازجنازہ کوئٹہ میں ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کی نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کی گئی جس میں کور کمانڈر، اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق شہداء کے جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کیا جارہا ہے جہاں انہیں پورے فوجی اعزار کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 2 پائلٹ سمیت 6 افراد شہید ہوگئے، ہیلی کاپٹر گزشتہ رات خوست کے قریب فلائنگ مشن پر تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں شہید ہونے والوں میں پائلٹ میجر منیب افضل اور پائلٹ میجر خرم شہزاد کے علاوہ نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی عمران اور سپاہی شعیب بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اٹک کے رہائشی 39 سالہ میجر خرم شہزاد کی ایک بیٹی ہے۔ میجر منیب افضل کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور انہوں نے بیوہ اور 2 بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں، جب کہ صوبیدار عبدالواحد کے پسماندگان میں بیوہ،3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خانیوال کے 27 سالہ سپاہی عمران نے پسماندگان میں 2 بیٹیاں اور 1 بیٹا چھوڑا۔ 30 سالہ نائیک جلیل کا تعلق کھاریاں گجرات سے تھا، اور ان کے پسماندگان میں 2 بیٹے ہیں۔ 35 سالہ سپاہی شعیب تحصیل جنڈ اٹک کے رہائشی اور ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں افسران اور جوانوں کی شہادت پراظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔