|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2022

چین نے امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان کوچین سےقرضوں میں ریلیف لینے کے مشورے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق سیلابی صورتحال کے بعد سے ہی چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے اور چین نے مشکل وقت میں پاکستان کی حقیقی دوست اوربھائی کی طرح مدد کی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چین اب تک 40 کروڑ چینی یوآن کی انسانی امداد پاکستان بھیج چکا ہے، چین کی سول سوسائٹی بھی پاکستان میں امدادی سرگرمیوں میں شامل ہے اورسیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان سودمند معاشی اور مالیاتی تعاون رہا ہے، پاکستانی عوام بھی پاک چین سودمند تعاون کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

ترجمان نے امریکا کو مشورہ دیا کہ پاک چین تعاون پربلاوجہ تنقید کے بجائے امریکا پاکستانی عوام کی حقیقی معنوں میں مدد کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور امریکی وزیر خارجہ نے ملاقات کی تھی اور امریکی وزیر خارجہ نے کہا تھاکہ ساتھیوں پرزوردیا ہےکہ قرض ریلیف کے اہم مسائل پر چین سے بھی بات کریں۔