|

وقتِ اشاعت :   October 9 – 2022

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کے لیے پاکستان سفر کرنے سے متعلق ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سابقہ فاٹا کا سفر نہ کریں، ان علاقوں میں دہشتگردی یا اغوا کی وارداتیں ہو سکتی ہیں۔

ٹریول ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی شہری لائن آف کنٹرول کے اردگرد کے علاقوں کا بھی سفر نہ کریں کیونکہ ایل او سی پر بھارتی اور پاکستانی فوجی دستوں میں گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔

واضح رہے کہ  اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کے لیے بھارت کا سفر کرنے سے متعلق بھی ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ ’جرائم اور دہشتگردی‘ کی وجہ سے بھارت کا سفر کرنے میں نہایت محتاط رہیں۔

امریکی ٹریول ایڈوائزری میں آسام، اروناچل پردیش، میزورام، ناگا لینڈ اور دیگر ریاستیں اپنے  شہریوں کے لیے خطرناک قرار  دی گئی۔