کولمبو: سری لنکن اوپنر کشال پریرا کے ڈوپ ٹیسٹ کے دوسرے نمونے کے نتائج بھی مثبت آئے ہیں جس کے باعث ان پر چار سال پابندی کا خدشہ ہے۔
اکتوبر میں پریرا کا ڈوپ ٹیسٹ کیا گیا جس کے نتائج مثبت آنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے 25 سالہ بلے باز کو معطل کردیا تھا۔
ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سری لنکن کرکٹ نے انہیں اس معاملے پر مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے دورہ نیوزی لینڈ سے واپس بھیج دیا تھا۔
جمعے کو سری لنکن وزیر کھیل دیا سری جیاسیکرا نے بتایا کہ آئی سی سی نے ہمیں بتایا ہے کہ پریرا کا ممنوعہ ادویہ کے استعمال کے حولے سے کیے گئے دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ بھی مثبت آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس کے خلاف اپیل کریں گے کیونکہ ماضی میں چار مواقعوں میں سے ایک مرتبہ بھی ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔
جیاسیکرا نے بتایا کہ ہم اس سلسلے میں قانونی رہنمائی طلب کریں گے اور پریرا کو اس مشکل سے نجات دلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
آئی سی سی کے انسداد ڈوپنگ قوانین کے تحت کرکٹر کو زیادہ سے زیادہ چار سال پابندی کی سزا ہو سکتی ہے۔
پریرا کو چار سال کی پابندی کا سامنا
وقتِ اشاعت : December 25 – 2015