لاڑکانہ: پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بے نظیر کی 8 ویں برسی آج ملک بھرمیں منائی جا رہی ہے۔
سابق وزیراعظم بےنظیربھٹو 8 ویں برسی کے موقع پر ان کے ایصال ثواب کے لئے ملک بھر میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں پیپلز پارٹی ورکرز کے زیراہتمام قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا جب کہ ناہیدخان اورصفدرعباسی کی طرف سےجائےشہادت پرپھول چڑھائے گئے۔
برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہورہی ہے، جس میں پیپلز پارٹی کے قائدین ، ارکان پارلیمنٹ اور کارکن شریک ہیں تاہم پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری شرکت نہیں کررہے۔ بے نظیر بھٹو کے مزار پر جیالوں کی جانب سے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ لنگر کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، گڑھی خدابخش اورنوڈیرہ ہاؤس پر20 واک تھرو گیٹس اور کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور بے نظیر بھٹوکے مزار کو پولیس کے اسپیشل کمانڈوز نے اپنی حفاظتی تحویل میں لے رکھا ہے، بھٹو خاندان کے مزارات کے 3 کلومیٹر کی حدود کو ریڈ زون قرار دیتے ہوئے 22 پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں مرکزی جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے جس سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی خطاب کریں گے، 5 بج کر20 منٹ پر2 منٹ کی خاموشی اختیارکی جائے گی اور بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ جلسے کے بعد بلاول بھٹوزرداری کی زیر صدارت نوڈیرو ہاؤس میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال خصوصاً وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کے اختیارات میں مداخلت، رینجرز کے اختیارات پرسندھ حکومت کی سفارشات کو نظر انداز کرنے سمیت دیگرامورکا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں آصف زرداری کو پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کا صدر جب کہ آصفہ بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کی صدر بنائے جانے کا امکان ہے۔