|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2022

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقدہوا کابینہ نے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے غیر ملکی شہریوں اور منصوبوں کی سیکورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام کے پیش کئے جانے والے ایجنڈے کی منظوری دیدی کابینہ نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو مزید فعال بنانے اور وسعت دینے کے ایجنڈے کی بھی منظوری دی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم اور آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کی جانب سے کابینہ کو سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام اور سی ٹی ڈی کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ان منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت سے بھی مالی معاونت کا حصول بھی یقینی بنایا جائے گا کیونکہ ان منصوبوں کی افادیت صرف بلوچستان کیلئے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کیلئے ہے اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سی ٹی ڈی کو قابل قدر کارکردگی کا حامل ادارہ قراردیا تاہم انہوں نے ہدایت کی کہ سی ٹی ڈی دہشتگردوں کے خلاف تمام کاروائیاں آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کرے کیونکہ اگر کوئی بے۔

گناہ کسی کاروائی کی زد میں آتا ہے تو ادارے اور حکومت کی بدنامی اور عوام میں بددلی پیدا ہوتی ہے وزیراعلیٰ نے منشیات کے خلاف جاری پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے تجاویزات اور لینڈ مافیا کے خلاف بھی بھرپور پیمانے پر کاروائی کرنے کی ہدایت کی کابینہ نے بلوچستان پرزنرز رولز 1975کے قائدہ 215کی ٹیبل 3میں ترمیم کی منظوری بھی دی جس کے تحت بلوچی، براہوی اور پشتوزبانوں میں ماسٹر کرنے والے قیدی بھی سزا میں تخفیف کے حقدار ہوں گے صوبائی کابینہ نے صوبائی سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ کی ماسٹر پلاننگ کی منظوری بھی دی جس کا مقصد صوبے کے سب سے بڑے سرکاری شعبہ کے ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کو صحت کی بہترین سہولتوں کی فراہمی ہے۔
کابینہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے کسانوں کو سبسڈی پر گندم کے بیجوں اور کھاد کی فراہمی کیلئے 2.20ارب روپے کے اجراء کی منظوری دی کابینہ نے بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا)بل 2022کے مسودے کی منظوری دی کابینہ نے بلوچستان ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری بھی دی اس ایکٹ کے تحت بلوچستان ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بورڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا صوبائی کابینہ نے بلوچستان ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے قیام کی تجویز کو بھی منظور کرلیا صوبائی کابینہ نے کوئٹہ میں فورنسک سائنس لیبارٹی کے قیام کے منصوبے کو پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی بجائے محکمہ داخلہ کے زیر انتظام کرنے کی منظوری بھی دیدی صوبائی کابینہ نے شعبہ عدلیہ کے پانچ ترقیاتی منصوبوں کو رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دیدی صوبائی کابینہ نے نواں کلی چیک پوسٹ سے عالمو چوک تک سڑک کو دو رویہ کرنے کی منظوری بھی دیدی کابینہ نے نصیر آباد کے سیلاب سے متاثرہ آبپاشی کے نظام کی بحالی اور فعالی کے خصوصی منصوبے پر عملدرآمد کی منظوری بھی دی صوبائی کابینہ نے ضلع کوہلو میں دو نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام کی تجویز کو بھی منظوری کرلیا۔

صوبائی کابینہ نے ضلع کیچ اور آواران کے انٹرن اساتذہ کی ریگولرائزیشن کی اصولی منظوری دیدی کابینہ نے محکمہ بلدیات کے تحت لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ سروسز کی استحکام کے پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبے پر عملدرآمد کی اصولی منظوری بھی دیدی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے فیصلوں پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد ہر متعلقہ محکمہ کی ذمہ داری ہے اور حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے ہمیں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ متاثرین کی تعداد لاکھوں میں ہے تاہم ہم اپنے لوگوں کو بے یارومددگار نہیں چھوڑ سکتے۔

اور نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ کسی بھی متاثرہ حلقے، علاقے اور متاثرین کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی ان کے نقصانات کا ازالہ بھی کریں گے اور انہیں گھر بھی بناکر دیں گے وزیراعلیٰ نے نقصانات کیلئے جاری سروے کے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کی بحالی کویقینی بنایا جارہا ہے جبکہ سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے دس دس لاکھ روپے ادا کردئے گئے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں مالی سال کے جاری ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی اور پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبوں کیلئے فنڈنگ جاری رکھی جائے گی۔