لاہور: 2015ء کا سال جہاں بہت سی دیگر چیزوں کے ساتھ ہمارے دماغوں پر نقش رہے گا، وہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایسی ویڈیوز بھی منظر عام پر آئیں جو شاید ہمیں کبھی نہ بھول پائیں۔
پیرس پر حملہ کیسے بھول سکتا ہے جب دہشتگردوں نے شہر کے مختلف مقامات پر فائرنگ اور دھماکے کرکے 129 افراد کو ہمیشہ کیلئے ابدی نیند سلا دیا تھا۔ اسی موقع کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر بہت وائرل ہوئی جب ایک خاتون کا پیچھا کرتے دہشتگرد کی بندوق جام ہو گئی تھی۔ اس ایک لمحے نے اس خاتون کی زندگی بچا لی تھی۔ پیرس کی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خاتون ان خوش قسمت افراد میں شامل ہیں جو حملے کے دن دہشتگردوں کی اندھی گولیوں سے بچنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔
اس سال دل دہلا دینے والی ایک ویڈیونے تہلکہ مچا دیا تھا جب امریکی ٹی وی کی اینکر اور ان کے ساتھ کیمرہ مین کو لائیو شو کے دوران فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ اسی چینیل کے ایک سابق ملازم نے دونوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی تھی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ وہ ورجینا کے ایک علاقے میں چلتا ہوا چوبیس سالہ الیسن پارکر اور ستائیس سالہ کیمرہ مین ایڈم وارڈ کے پاس پہنچا جو مقامی چیمبر آف کامرس کے ایک عہدیدار کا انٹرویو کر رہے تھے۔ برائس ولیمز نے کیمرے سے اپنے ہاتھ کو دکھایا جس میں ایک گن پکڑی ہوئی تھی۔ پھر وہ الیسن پارکر اور کیمرہ مین کے پیچھے پہنچا اور انتہائی قریب سے ان پر کئی فائر کئے۔ ویڈیو میں صحافی کو گولی لگتے اور پناہ کی کوشش کے لیے بھاگتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ برائس ولیم شوٹنگ کے بعد فرار ہو گیا۔ بعد میں اس نے انٹرنیٹ پر یہ ویڈیو پوسٹ کی اور بعد ازاں خود کشی کی کوشش کرتے ہوئے خود کو گولی مار لی تاہم پولیس نے اسے زخمی حالت میں برآمد کرکے ہسپتال منتقل کر دیا۔
ہمارا مسلمان ہونے کی حیثیت سے ایمان ہے کہ زندگی اور موت صرف اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ بعض اوقات زندگی میں ایسے واقات رونما ہوتے ہیں جن سے انسانی عقل دنگ ہو کر رہ جاتی ہے اور اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان اور پختہ ہو جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ واقعہ برطانیہ میں پیش آیا جہاں گزشتہ سال آدھے سر اور دماغ والے ایک بچے نے جنم لیا۔ ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ بچہ شاید بھرپور زندگی نہ جی پائے تاہم ان کے تمام مفروضے ابھی تک غلط ثابت ہوئے ہیں۔ جیکسن سٹرونگ نے پہلی مرتبہ لفظ ہیلو ادا کیا تو اس کے والدین نے اس کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جس سے یہ بچہ آج ایک مشہور شخصیت بن چکا ہے۔ اس کے والدین کو روزانہ دنیا بھر سے دعائیوں اور محبت بھرے پیغامات موصول ہوتے ہیں۔ جیکسن کے والد کا کہنا تھا کہ ہمارا بیٹا دنیا بھر کے مایوس لوگوں کیلئے ایک مثال ہے کہ خواہ کیسی ہی صورتحال ہو امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر برطانوی شاہی فوجی کی ویڈیو کو بھی بہت داد وصول ہوئی جس نے ایک سیاح پر اپنی بندوق تان لی تھی۔ ہوا یوں کہ برطانوی محل کے باہر سیکیورٹی پر مامور ایک فوجی پریڈ کرتا ہوا اپنی پوزیشن پر جا رہا تھا کہ اچانک ایک غیر ملکی سیاح نے اس کے پیچھے پیچھے مارچ کرنا شروع کر دیا جبکہ اس کے ساتھ آنے والے اس کے ساتھی اس تمام واقعے کی ویڈیو بناتے رہے۔ سیاح کو پتا نہیں کیا سوجھی کہ اس نے اچانک اس فوجی کے کندھے پر اپنا ہاتھ رکھ دیا۔ برطانوی فوجی نے اس کا ہاتھ فوری طور پر جھٹکتے ہوئے اس پر بندوق تان لی اور غصے سے کہا کہ وہ کوئنز گارڈ سے دور رہے۔ شاہی فوجی کے ردعمل پر سیاح ڈر کر ایسا بھاگا کہ اس نے پھر پیچھے مڑ کر بھی نہ دیکھا۔