|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2022

پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں بالآخر پہلی فتح حاصل کرہی لی۔

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں نیدر لینڈز نے پاکستان کو جیت کے لئے 92 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جسے پاکستان نے 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

92 رنز کے ہدف کے تعاقب کے لئے بابر اعظم اور محمد رضوان میدان میں اترے۔

16 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ بابر اعظم کی صورت میں گری۔ بابر اعظم نیدر لینڈز کے خلاف بھی ناکام ہوگئے، وہ صرف 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

انجری سے نجات پانے کے بعد فخر زمان پہلی مرتبہ میدان میں اترے تو ان کے عزائم انتہائی جارحانہ نظر آرہے تھے لیکن 20رنز بناکر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔

رضوان 49 رنز پر آؤٹ

شان مسعود اور محمد رضوان نے نیدر لینڈز کے خلاف پاکستان کی انگگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 30 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔

83 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 49 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

شان کی بے جان اننگز

جیت سے صرف ایک رن کی دوری پر شان مسعود آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 12 رنز بنائے۔

پاکستان 6 وکٹوں سے کامیاب

شاداب کان نے چوکا لگا کر پاکستان کو ایونٹ کی پہلی فتح سے ہمکنار کرایا۔

نیدر لینڈز کی بیٹنگ ناکام

نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ڈچ بلے باز کوئی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے۔

ابتدا ہی سے پاکستانی بولرز نیدرلینڈز پر حاوی رہے۔ نیدر لینڈز مقررہ 20 اوورز میں صرف 91 رنز ہی بناسکی۔

نیدر لینڈز کی جانب سے کولن ایکرمین27 اورکپتان اسکاٹ ایڈورڈز 15 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3، محمد وسیم جونیئر نے 2 جب کہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔

پاکستان پلیئنگ الیون

نیدر لینڈز کے خلاف پاکستان پلیئنگ الیون سے حیدر علی کو نکال کر ان کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیاتھا۔

قومی ٹیم بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد نواز، شاداب خان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل تھی۔

پاکستان کے لئے اگر مگر کا کھیل

بھارت اور زمبابوے سے شکست کے بعد پاکستان کو اپنے تمام میچ بھاری مارجن سے جیتنا ہوں گے۔

نیدرلینڈز کے بعد پاکستان جنوبی افریقا اور بنگلا دیش سے مدمقابل آئے گا۔

ایک بھی میچ میں شکست پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردے گی۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقا کو بھی ہارنا ہوگا۔