لندن: انگلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کے چیئرمین گرگ ڈائیک نے کہا ہے کہ اگر انگلینڈ کی ٹیم یورو کپ 2016 کے گروپ اسٹیج میں ہی باہر ہو جاتی ہے تو ہم سب خود کو گولی مار لیں گے۔
فرانس میں 10 جولائی سے شروع ہونے والے یورپ کے سب سے بڑے مقابلے میں انگلینڈ کا گروپ میچوں میں ویلز، سلواکیہ اور روس جیسے حریفوں سے سامنا ہو گا تاہم انہیں ورلڈ کپ 2014 کی طرح بڑے اپ سیٹ کا خطرہ ہے جہاں وہ 1958 کے بعد پہلی مرتبہ عالمی کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئے۔
اس بڑے اپ سیٹ کے باوجود انگلینڈ نے اپنے منیجر کو عہدے پر برقرار رکھا تھا تاہم ڈائیک نے کہا کہ اس سال ایسی کارکردگی دہرائے جانے کی صورت میں متعدد تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر انگلینڈ گروپ اسٹیج سے آگے نہ بڑھا تو میرے خیال میں ہم سب خود کو گولی مار لیں گے، ہمیں گروپ اسٹیج سے آگے بڑھنا ہو گا۔ اگر ہم ایسا نہیں کر پاتے تو یہ انگلش فٹبال کیلئے بہت بری خبر ہو گی۔
انہوں نے یہ بات گزشتہ رات انگلینڈ کی 1966 ورلڈ کپ کی 50ویں سالگرہ کے سال کی خوشی میں منعقدہ تقریب کے موقع پر کہی۔
انہوں نے کہا کہ ایف اے دنیا کا میں سب امیر ہے، جو سب سے زیادہ کماتا ہے لہٰذا ایف اے کو تھوڑی ذؐے داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں گزشتہ 50 سال میں ایک ٹورنامنٹ کو جیتنا چاہیے تھا لیکن ہم ایسا نہ کر سکے تاہم اگلے 50 سال میں ہم ضرور جیتیں گے۔
انگلینڈ کی ٹیم برازیل میں منعقدہ ورلڈ کپ میں ایک بھی میچ نہ جیت سکی تاہم اس کے بعد ٹیم نے شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورو کپ کوالیفائر کے تمام دس میچوں میں فتوحات کے جھنڈے گاڑے۔
‘انگلینڈ گروپ اسٹیج سے باہر ہوا تو خود کو گولی مار لیں گے’
وقتِ اشاعت : January 6 – 2016