کوئٹہ/ اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے مالی مسائل کے دیرپا حل اور این ایف سی شیئر کے بروقت اجراء کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے موقف کے بعد حکومت بلوچستان کو درپیش مالی بحران کے حوالے سے وزارت خزانہ میں اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا ۔
اجلاس میں صوبائی وزراء زمرک خان اچکزئی سید احسان شاہ چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط سیکریٹری خزانہ کمبر دشتی اور وزیراعلء کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی جبکہ وزارت خزانہ کی جانب سے وز یر اعظم کے سپیشل اسٹنٹ خزانہ طارق جواد سپیشل سیکریٹری وزارت خزانہ ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ اور جوائنٹ سیکریٹری خزانہ نے شرکت کی اجلاس میں بلوچستان کو درپیش مسائل اور این ایف سی شیئر کے اجراء کے حوالے سے حکومت بلوچستان کے موقف اور تحفظات کا جائزہ لیا گیا اور وفاقی حکام کی جانب مسائل کے فوری حل کی مثبت یقین دہانی کرائی گئی اس موقع پر اتفاق کیاگیا کہ اجلاس میں طے پائے گئے امور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے مابین ہونے والی ملاقات میں پیش کئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان کے مالی بحران کے حوالے سے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ صوبہ شدید مالی بحران کا شکار ہے جس کے حل کے لئے وفاق کو اپناکردار ادا کرنا ہو گا۔